پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم کراچی کے حالت درست کریں، مدد کرینگے’

Nawaz shrif

Nawaz shrif

لاہور: (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کراچی کے حالات ٹھیک کریں۔ وفاق کی جانب سے جو مدد درکار ہو گی ہم فراہم کریں گے۔ لیکن وہاں پر لاشیں نہیں گرنی چاہیں۔ رشوت کا بازار کہیں گرم نہیں ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم خیبر پختونخوا میں کسی اور کو ساتھ ملا کر حکومت بنا سکتے تھے مگر ہم سمجھتے ہیں کہ وہاں تحریک انصاف کا مینڈیٹ ہے اسے وہاں پر حکومت بنانے کا اختیار ہونا چاہیے۔ ہم نے دوسروں کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔ بلوچستان میں موقع ملا ہے اس لئے وہاں حکومت بنا رہے ہیں۔

اگر ملک قائم ہے تو پھر سیاست بھی ہوتی رہے گی۔ ہم نے سب کو مشاورت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے۔ لاہور میں نومنتخب اراکین اسمبلی سے خطاب میں میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی اشتہارات میں کسی کی ذات کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، کسی کو گالی نہیں دی اور نہ ہی ہم نے اشتہارات میں رونا دھونا دکھایا بلکہ عوام کو ماضی کی کارکردگی دکھائی اور مثبت انداز میں کام کیا۔
کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں دائرہ اخلاق میں رہ کر آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے عوام کے ساتھ جو سلوک کیا پاکستانی عوام نے اس کا بدلہ 11 مئی کو لے لیا۔ 11 مئی احتساب کا دن ثابت ہوا۔ مہذب قومیں ایسے ہی احتساب کرتی ہیں۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کراچی کے حالات ٹھیک کریں۔ وفاق کی جانب سے جو مدد درکار ہو گی ہم فراہم کریں گے۔ لیکن وہاں پر لاشیں نہیں گرنی چاہیں۔ رشوت کا بازار کہیں گرم نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ صرف بندوق اور گولیاں کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں۔