پرویز الہیٰ کا اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننے کا عندیہ

Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننے کا عندیہ دے دیا، کہتے ہیں کہ عوام نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرکے حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔

مسلم لیگ قائد اعظم کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والے کردار بے نقاب ہو رہے ہیں۔ فخر الدین جی ابراہیم نے ایک کردار افتخار چوہدری کا اعتراف کر لیا۔

لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عوامی مینڈنٹ چُرایا گیا۔

عوامی مینڈنٹ چُرانے والے ہائی جیکرز کے خلاف عوام نے سڑکوں پر نکل کر ثابت کیا ہے کہ انہوں نے حکمرانوں کو ووٹ نہیں دیا تھا۔ چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والے کردار بے نقاب ہو رہے ہیں۔

قوم کو اب معلوم ہو رہا ہے کہ انتخابی دھاندلی کے کھیل میں کون کون شریک تھا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لئے ٹرانسپورٹرز کو دھمکانے اور دوسرے حربے استعمال کرنے کی مذمت کی۔