پرویز خٹک کی ایبٹ آباد کے لوگوں کو بدتمیز کہنے کی تردید

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایبٹ آباد کے لوگوں کو بدتمیز کہنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بیان توڑ موڑ کر پیش کیا گیا ایبٹ آباد والوں کو بدتمیز نہیں کہا۔

اسپیکر اسمبلی خیبرپختون خوا مشتاق احمد غنی نے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی قلندر خان لودھی اور نذیر عباسی کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے صدر اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کی اور گزشتہ دنوں ایبٹ آباد میں منعقد کیے گئے ورکرز کنونشن کے حوالے سے اہلیان ایبٹ آباد کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا اور ان کے خلاف سوچا سمجھا پروپیگنڈا کیا گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ میں نے ایسا بالکل بھی نہیں کہا کہ ایبٹ آباد کے لوگ بدتمیز ہیں، ایبٹ آباد کے لوگ تہذیب یافتہ اور پڑھے لکھے ہیں، میرے بیشتر عزیز و اقارب اور دوستوں کا تعلق ایبٹ آباد سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ہزارہ ایبٹ آباد کی عوام سے گزارش ہے کہ ایسے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔