پرویز مشرف کو جو کچھ بھی کہنا ہے عدالت کے سامنے کہیں، پرویز رشید

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو پیسکو کمپنی کی ڈسٹر بیوشن دینے کی پیشکش کی ہے، چاہتے ہیں کہ عمران خان بلے کے ذریعے لوگوں سے بجلی کے بل لیکر دکھائیں، کینیڈا سے سیٹلائٹ کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی باتیں نہیں کرتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرنے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت سرحدی معاملات سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری اتھارٹیز کو آزاد ہونا چاہئے، سیاسی جماعتوں کو طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہئے، سیاسی جماعتیں اپنی جہدوجہد جمہوری طریقے سے کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رواں برس لفافہ جرنلزم کا خاتمہ کر دیا ہے، کالج کے زمانے میں آزادی صحافت کی جنگ لڑتے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرویز مشرف نے جو کچھ کہنا ہے وہ عدالت کے سامنے کہیں، پرویز مشرف جو باتیں کر رہے ہیں وہ ہم نے بارہ تیرہ سال سے سن رہے ہیں۔

ن لیگ کو جب بھی موقع ملا عوام کا معیار زندگی بلند کیا، ہم کینیڈا سے سیٹلائٹ کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی بات نہیں کرتے، وزیر اعظم نواز شریف نے قرضہ سکیم میں ضمانت سے متعلق شرائط میں نرمی کی ہے۔