پشاور : کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات 25 اپریل کو ہوں گے

Election

Election

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لئے سیاسی جوڑ توڑ اور سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، پانچ وارڈز میں 43 امیدوار 25 اپریل کو قسمت آزمائی کریں گے، انتخابات کے لئے 22 پولنگ سٹیشن بھی قائم کر دیئے گئے، پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے سیاسی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

کینٹ کے علاقے میں امیدواروں نے اپنے پوسٹر اور پینا فلیکس آویزاں کر دیئے ہیں ۔ پشاور کے پانچ وارڈز میں 43 امیدوار 25 اپریل کو قسمت آزمائی کریں گے ۔ 43 امیدواروں میں سے اے این پی کے 5 پی ٹی آئی کے 5 ن لیگ کے 4 پیپلز پارٹی کے 3٫جماعت اسلامی دو ٫ مشرف لیگ اور رائے حق پارٹی کا ایک ایک امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ جے یو آئی نے اے این پی کے امیدواروں کی غیر مشروط طور پر حمایت کا اعلان کیا ہے۔

کینٹ کے علاقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 29 ہزار 764 ہے۔ مرد ووٹروں کی تعداد 16 ہزار 60 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 13ہزار 704 ہے۔ کنٹونمنٹ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں میں زیادہ تر آزاد ہیں۔

کنٹونمنٹ الیکشن کے لئے 22 پولنگ سٹیشن اور 22 پریذائیڈنگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں ۔ کینٹ کے علاقے میں الیکشن بھی پاک فوج کے زیر نگرانی کرانے کا بھی امکان ہے۔