پشاور : کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کا غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان

Customs Clearing Agents

Customs Clearing Agents

پشاور (جیوڈیسک) کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس نے اپنے مطالبات کے حق میں منگل سے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ خیبرایجنسی میں ہڑتال سے افغان ٹرانزٹ اور نیٹو سپلائی سمیت تجارتی سامان کی کلیئرنگ شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جوائنٹ سیکرٹری ضیا سرحدی نے خیبر ایجنسی میں کہا کہ آل پاکستان کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس اپنے مطالبات کے حق میں منگل سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع کرر ہے ہیں۔

ہڑتال کے دوران ملک بھر کے کلیئرنگ ایجنٹس کسٹم کلیئرنگ نہیں کریں گے۔ ہڑتال سے افغان ٹرانزٹ اور نیٹو سپلائی سمیت تجارتی سامان کی کلیرنگ نہیں ہوگی۔ ضیا سرحدی نے کہا کہ دوسال کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کنٹینرغائب ہوئے، جن کی وجہ سے کلیئرنگ ایجنٹس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ظلم ہے،گمشدہ کنٹینرز کی ذمہ داری کلیئرنگ ایجنٹس پر عائد نہیں ہوتی، اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔