پشاور میں فائرنگ، پولیس اہلکار ہلاک

PESHAWAR

PESHAWAR

پشاور (جیوڈیسک) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حملہ تھانہ خزانہ کی حدود میں ہوا جہاں ملزمان نے کھانا کھاتے ہوئے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے کانسٹیبل سراج گل ہلاک اور اختر علی زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان کا اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ پولیس کی ڈیوٹی ہمیشہ کھلے مقامات پر ہوتی ہے جس کی وجہ سے باآسانی نشانہ بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے بچنے کےلیے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات کے باوجود پولیس کا مورال بلند ہے اور جذبے کے ساتھ ڈیوٹیاں دے رہے۔ دوسری جانب چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

پولیس نے شہزاد نامی شخص کے گھر پرچھاپہ مارا اور ڈرم میں چھپایا گیا پانچ کلو بارودی مواد، 21 کلو پی تھری بارود، پرائما کارڈ، سیفٹی فیز، خود کش جیکٹ، گرینڈ کوپ ، تین راکٹ لانچر، بیٹری سیل، بال بیرنگ، ڈیٹونیٹر، اسٹاپ واچ ، واکی ٹاکی ، مصنوعی بال اور داڑھی، موٹرسائیکل کی دوٹینکیاں برآمد کرلیں۔