پشاور: مدرسے میں دھماکا، 11 جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقے جی ٹی روڈ پر واقع مدرسے میں دھماکے سے 11 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے ز ائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پشاور کے علاقے جی ٹی روڈ پر واقع مدرسہ میں دھماکے کے وقت جمعے کا خطبہ جاری تھا۔ خود کش حملہ آور عقبی دروازے سے مسجد میں داخل ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی اور بعد میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے وقت مسجد میں 200 کے قریب افراد موجود تھے۔ امام مسجد کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ کرکے پہلے گارڈ کو زخمی کیا. ان کا کہنا تھا کہ دھماکا جمعہ کے خطبے سے پہلے کیا گیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں.