قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کی آئی ایس ائی کی بریفنگ اور چین کے دورے میں موجودگی سے چھوٹے صوبوں کو اچھا پیغام نہیں دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ میاں شہباز شریف کو وفاق میں مداخلت کی بجائے، پنجاب کے معاملات پر توجہ دیں۔یا وزارت اعلی پنجاب شریف فیملی سے باہر کسی مسلم لیگی کے حوالے کردی جائے۔
انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف کو چاہیے کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی کی وفاق کے معاملات میں دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں اپنا سیکرٹری یا نائب وزیر اعظم مقرر کرلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہونے پر میاں شہباز شریف کو اپنے لئے کوئی نیا نام تجویز کر لینا چاہیے۔
میاں محمود الرشید نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں چھوٹو مزاری گینگ نے پنجاب حکومت کی رٹ کو ختم کردیا ہے جبکہ پولیس اغوا اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کی بجائے ملزمان سے مک مکا کروانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کو بنے 40 دن گذر چکے ہیں مگر وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا کوئی ٹایم فریم نہیں دیا۔