میاں نواز شریف میرے لیڈر تھے اور ہیں : ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے اپنی جگہ لیکن میاں نواز شریف میرے لیڈر تھے اور ہیں۔ میاں محمد نواز شریف کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اقتدار اعلی کے لئے نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ دعا کرتا ہوں کہ پاکستان میں جمہوریت کا عمل جاری رہے۔ اگر حکومت اچھے کام کرے گی تو ہم ان کے ساتھ ہونگے لیکن تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن ثابت نہیں ہوگی۔

14 سال بعد نواز شریف اس سیٹ پر بیٹھے ہیں جہاں سے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی پر میاں محمد نواز شریف اور ان کی جماعت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ پاکستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی حکومت بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طاقت چھوٹے صوبوں سے ملے گی۔ پاکستان میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔ بلوچستان میں مسخ شدہ لاشیں نہیں چاہتے۔