پولیس نے 2 بھائیوں کو قتل کرکے دہشت گرد قرار دیدیا، اے ایس آئی بھی جاں بحق

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی(جیوڈیسک)پولیس نے دہشت گردی کے الزام میں مبینہ مقابلے میں دو بھائیوں کو قتل کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اے ایس آئی جاں بحق اور کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔

سیٹیلائٹ ٹاؤن میں سول کپڑوں میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار ایک گھر میں داخل ہوگئے اور دو بھائیوں جمشید اور غلام سجاد کو باہر لا کر گولیاں ماردیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی دہشت گردی میں ملوث تھے اور اکثر بیرون ملک بھی جایا کرتے تھے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی انتہائی شریف تھے اور وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھے ،، پولیس اہلکار اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان ہیں ۔ جمشید کیمیکل انجینئر تھا اور پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے گولڈ میڈلسٹ تھا۔

واقعے میں ایلیٹ فورس کا اے ایس آئی نعیم حسن جاں بحق جبکہ کانسٹیبل اسد زخمی ہوگیا۔دوسری طرف رابطہ کرنے پر متعلقہ تھانہ نیو ٹاون کے ایس ایچ او نے اس آپریشن سے ہی لا علمی کا اظہار کر دیا۔ واقعہ کا علم ہوتے ہی سی سی پی او ،راولپنڈی اور اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے تاہم دونوں بھائیوں کی ہلاکت کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کر دیا۔