تمام سیاسی امور پارلیمنٹ میں حل کئے جائیں، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں صلاح مشورہ کیا گیا۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، سینٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن، ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، محمود خان اچکزئی، غلام احمد بلور، اعجاز الحق اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ صلاح مشورے کے ذریعے ملک میں اچھا نظم ونسق یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس میں حزب اختلاف کی جماعتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ تمام مسائل کے حل کا بہترین فورم ہے۔

پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت کی ترقی اور غریبوں کو زندگی کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ غریبوں کو ریلیف کی فراہمی اور معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔