سیاسی فنکاروں اور سیاسی مگرمچھوں کا دور ختم ہونے والا ہے ، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لورا لائی (جیوڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی فنکاروں اور سیاسی مگر مچھوں کا دور پاکستان میں ختم ہونے والا ہے ، لوگ عمران خان کیلئے نہیں اپنی تقدیر بدلنے کیلئے پاکستان کو وو ٹ دیں ،لورا لائی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہو ئے عمران خان نے کہا کہ ہم ایک نیاسیاسی نظام لارہے ہیں،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آکر بلوچستان کے مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پاکستان کے نظریہ پر اکٹھا کرنا ہے اور اسے اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے،بلوچستان کے حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ قومیت کے نام پر سیاست کرتے ہیں وہ کبھی پاکستان کو فائدہ نہیں پہنچا سکتے، ہم نیا پاکستان بنا کر دکھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ بلوچستان کے عوام سے وعدہ ہے کہ ہم اقتدار میں آکر صوبے کے مسائل سیاسی طور پر حل کریں گے، اور ملٹری آپریشنز کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیں گے۔

اس کے ساتھ عوام کو حقوق اور انصاف دیں گے اور یہاں کے عوام پر ہونے والے مظالم کا خاتمہ کریں گے،اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز ایم این اے، ایم پی اے نہیں بلکہ عوام کے پاس ہوں گے،بلوچستان میں سڑکوں اور پانی کا مسئلہ حل کریں گے جبکہ ہم تعلیم پر پانچ گنا زیادہ خرچ کریں گے۔

انتخابات میں نئے چہرے روشناس کرانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیں،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ انتخابات میں ہم ایماندار لوگوں کو سامنے لائیں۔