اپوزیشن کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بھی نہیں ملیں گے، کامران بنگش

Kamran Bangash

Kamran Bangash

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختوان خوا کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ ویلج کونسل کی کارنر میٹنگ سے بھی کم تھا، اس بار اپوزیشن کو بلدیات انتخابات میں امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ ویلج کونسل کی کارنر میٹنگ سے بھی کم تھا، پی ڈی ایم کا پاور شو نہیں بلکہ پاور لیس شو تھا،عوام نے ان لوگوں کو آئینہ دکھا دیا، پی ڈی ایم رہنماؤں کے چہروں پر مایوسی عیاں تھی، یہ ایک غیر فطری اتحاد ہے، ان کے آپس میں بھی تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ 25 نومبر کو سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپیل کی سماعت ہے، فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان پے درپے کامیاب جلسے کررہے ہیں، پی ٹی آئی کے جلسے 20،20 گنا بڑے ہوتے ہیں، اپوزیشن کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ آئی جی کے ساتھ ملاقات میں اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، پولیس کی مستعدی سے کئی گینگز پکڑے گئے ہیں، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں پولیس میں ایسے واقعات رپورٹ کرنے چاہئے۔