اپوزیشن کو عوام کا نہ احساس ہے نہ ہی ملک کی پرواہ، عثمان بزدار

 Usman Bazdar

Usman Bazdar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کوعوام کا نہ احساس ہے نہ ہی ملک کی پرواہ۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے نازک حالات میں قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے، اپوزیشن کوعوام کا نہ احساس ہے نہ ہی ملک کی پرواہ، یہ عناصر صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لئے قومی مفادات کو داؤ پر لگارہے ہیں، اپوزیشن کا احتجاج بے معنی حیثیت رکھتا ہے۔

بدقسمتی سے ان عناصر کا ایجنڈا صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے، یہ عناصر اپنے دور میں بھی عوام سے مخلص نہ تھے، نہ اب ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی مٹی ہم سے بھائی چارے، اتحاد اور یگانگت کا تقاضا کررہی ہے، موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں، انتشار کی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا چاہیے۔

ملک میں استحکام کے لئے ذاتی مفادات کی سیاست کو خیرباد کہنا ہو گا، اپوزیشن کو موجودہ نازک حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے سنجیدہ سیاست کرنی چاہیے۔