اقتدارو کرپشن پرست، مشرف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، طاہر حسین

کراچی ( ) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو جمہوریت کا جھانسا دیکر حق حکمرانی حاصل کرکے عوام کو غلام سمجھنے والوں نے استحصال وکرپشن کے ذریعے ملک وقوم کو ہی برباد نہیں کیا بلکہ جمہوریت کا بھی جنازہ نکال دیا ہے جس کی وجہ پاکستان عدم استحکام سے دوچار اور عوام پریشان ہیں،روزی،روٹی ،امن و آسودگی کو ترستے عوام پرویز مشرف کے کرپشن سے پاک اس دوراقتدار کو یاد کر رہے ہیں جس میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے ذریعے عوام کو شریک اختیارو اقتدار بناکر پرویز مشرف نے وطن عزیز میں خوشحالی و ترقی کی حقیقی بنیاد رکھی تھی۔

یہی وجہ ہے کہ عوام پرویز مشرف کو دوبارہ اقتدار میں لانے کیلئے ذہنی طور پر تیار اور فعال ہوچکے ہیں۔ پرویز مشرف کی یہی عوامی مقبولیت و دیانتداری ،کرپشن واستحصال کے متوالوں کیلئے خطرہ ہے اس لئے کرپشن میں ملوث سیاستدان، سول وفوجی بیور کریسی،اشرافیہ ، سرمایہ دار اور جاگیردار یکجا ہوکرجمہوریت کے نام پر اپنی حکمرانی کا حق محفوظ رکھنے کیلئے پرویز مشرف کی عوامی مقبولیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جس کیلئے کارگل ، لال مسجد اور دیگر معاملات پر حقائق کو مسخ کرکے مشرف کیخلاف میڈیا مہم چلا رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں انتخابات شفاف ہوئے تو عوام کے اعتماد کا محور و مرکز پرویز مشرف ہی ہوں گے۔