صرف معیاری اور فیملی فلموں میں ہی کام کرونگی ، اداکارہ اربیشم

کراچی( شوبز رپورٹر ) ایسا کوئی بھی کام نہیں کروں گی جس سے پاکستان کا نام بدنام ہو ، عوام کے سرشرم سے جھک جائیں یا میری عزت و وقار پر کوئی آنچ آئے یہ بات ترکی میں پیدا ہونے والی پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ اربیشم نے میڈیا نمائندگان کو بھارتی فلم ” جسٹ ایم ایم ایس ” میں اپنے کردار کے ہوالے بتاتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فلم جسٹ ایم ایم ایس میں میرا کردار مرکزی ہے اور مجھ پر فلمائے جانے والے گانے ”دلی والا دل لے گیا ” نے دنیا بھر میں زبردست مقبولیت حاصل کی ہے، واضح رہے کہ بالی وڈ فلم جسٹ ایم ایم ایس کی شوٹنگ آدھی سے زیادہ مکمل ہوچکی ہے جبکہ بقیہ شوٹنگ کی تکمیل کیلئے کراچی میں رہائش پذیر اداکارہ اربیشم اگلے ماہ بھارت روانہ ہو رہی ہیں۔

میوزیکل البم ”جاناناں ” میں بھارتی گلوکار کمار سانو کے ساتھ اپنی دلکش آواز کا جادو جگا کر بطور گلوکارہ فنی کیریئر کا آغاز کرنے والی اربیشم کے ملکوتی حسن اور حسین سراپے نے بھارتی فلم سازوں کو ان کا دیوانہ کر دیا اور انہیں درجنوں فلموں کی آفر ہوئی مگر انہوں نے کم مگر بہتر کام کے فارمولے کے تحت صرف ”جسٹ ایم ایم ایس ” میں ہی کام کرنا قبول کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اسکرپٹ دیکھ کر صرف اچھی ، معیاری ، ولگیریٹی سے پاک فلموں میں کام کروں گی۔