بجلی قیمتوں کا تعین، عوام سے بھی تجاویز لی جائیں۔ سپریم کورٹ

 Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ نیپرا نرخوں کے تعین سے متعلق صارفین سے بھی تجاویز لے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بجلی کی قیمتوں کا تعین کیسے کیا گیا۔ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کس قانون کے تحت عائد کئے گئے۔ چیئرمین نیپرا نے عدالت کو بتایا کہ قیمتوں کا تعین حکومتی درخواست پر کیا گیا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ کراچی میں صارفین کی تنظیمیں بجلی کی قیمتوں کے تعین میں شریک ہوتی ہیں جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا ہو گا کہ یہ تنظیمیں صارفین کے کتنے قریب ہیں۔

عام لوگ تو سمجھ ہی نہیں سکتے کہ بل میں کون سا ٹیکس لگا ہے؟۔ عدالت نے قیمتوں کے تعین میں عوام کو لازمی شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔