اقتدار ملا تو قیام امن، تعلیم ،علاج و روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہوگا،صوبائی امیدوار

کراچی : مفاد پرستانہ سیاست اور منافق قیادت نے عوام کو مسائل و مصائب کے گہرے غار میں دھکیل دیا ہے ,عوام ابتری و پریشانی کی ذلت آمیز زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ,انہیں کسی بھی قسم کا تحفظ حاصل نہیں ہے اگر عوام امن و تحفظ کی فراہمی اور زندگی کے مسائل و مصائب سے نجات چاہتے ہیں۔

ان تمام سیاسی قیادتوں اور جماعتوں کو مسترد کردیں جو ماضی میں اقتدار پر قابض ہوکر کرپشن اور عوامی مسائل و مصائب کو فروغ دیتی رہیں اور آج کھربوں روپے کے انتخابی اخراجات کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیں ۔یہ بات کراچی کے حلقہ پی ایس 128لانڈھی سے آل پاکستان مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد رئیس نے مرزا عتیق بیگ ‘تحقیق احمد خان عرف پیارے بھائی ,فاروق قریشی۔

محمد ذاکر ,ارشاد احمد ,محمد شعیب ,محمد معراج ,محمد سبطین اور حنیف وارثی کے ہمراہ اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف کارنر میٹنگز کے دوران عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت سے منتخب ہوکر عوام کو امن و تحفظ اور زندگی گزارنے کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جدوجہد کروں گا اوراپنے حلقے کی عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا دیانتدارانہ و ذمہ دارانہ کردار پوری فرض شناسی سے اداکرونگا کیونکہ میں یہ وعدہ اپنے حلقے کے عوام سے نہیں بلکہ اپنے اللہ سے کررہاہوں اور اللہ سے کوئی مسلمان وعدہ خلافی نہیں کرسکتا۔