ایمان کے تحفظ کیلئے عوام کو بار بار ڈسنے والے بوڑھے ناگوں سے نجات حاصل کرنی ہوگی

کراچی : نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن ( این جی پی ایف ) کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ 11مئی کو” یوم انتخاب” نہیں بلکہ عوام کے ”ایمان ” کا ”یو م امتحان ” ہے اور چونکہ مومن ایک ہی سوراخ سے باربار نہیں ڈسا جاتا اسلئے اگر عوام نے ایکبار پھر انہی سیاسی جماعتوں اور قیادتوں کا انتخاب کیا اور ایک بار پھر اقتدار پر چوروں ,لٹیروں , ڈاکوؤں ,جاگیرداروں ,سرمایہ داروں ,وطن و عوام دشمنوں ,دہشتگردوں کے سرپرستوں,بیرونی قوتوں کے غلاموں,مذہب,مسلک ,زبان و ذات کے نام پر مسلمانوں کو فرقوں و گروہوں میں بانٹنے والوں کو مسلط کیا۔

ایمان کے امتحان میں فیل ہوکر مومن ہونے کے درجے سے گرجائیں گے اور عوام کی یہ ناکامی نہ صرف ان کے اور ان کی نسلوں کے مستقبل کو تاریکیوں و ظلمتوں سے عبارت کردے گی بلکہ پاکستان کی سلامتی کیلئے بھی خطرہ بن جائے گی اسلئے قوم 11مئی کو حق رائے دہی کے استعمال کو لازم بنانے کے ساتھ قیادت کے انتخاب میں روایت کے بجائے عقل و شعور اور فہم و ادراک کا مظاہرہ کریں۔

سابقہ آزمائی ہوئی قیادتوں کی بجائے اب کی بار اپنی پتوار کا چپو اپنی نوجوان , تعلیم یافتہ ,محب وطن اور جواں عزم نوجوان نسل کے حوالے کرکے ان پر اظہار اعتماد کریں تو یقینا پاکستان اور عوام طوفان سے نکل کر عافیت و سلامتی کی منزل پر پہنچ جائیں گے۔