پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن میں حمایت کے لیے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی

Senate

Senate

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن میں حمایت کے لیے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی جس کے لیے پی پی کے وفود نے لاہور اور کراچی میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے دو رکنی وفد نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے ہفتے کو ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امید وار کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔

ملاقات میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے عوام کے مسائل بالخصوص شہر قائد کی ابتر صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی امور اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے صوبائی وزراء سے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے ٹھوس اقدامات اور فیصلے کیے جائیں کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے۔ پیپلز پارٹی کی درخواست کے جواب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے وفد کو بتایا کہ مرکز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے اور ان سے حمایت حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سینیٹ انتخابات؛ تحریک انصاف قیادت کی ایم کیوایم سے تعاون کی درخواست

جماعت اسلامی کے رہنماؤں میں مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر شامل تھے جنہوں نے جواباً سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کی حمایت حاصل کرنے کے لیے درخواست کی۔