صدارتی انتخاب، ن لیگ کی طرف سے ممنون حسین کی نامزدگی کا امکان

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے ممنون حسین کی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کا امکان ہے۔ پارٹی نے سابق گورنر سندھ ممنون حسین کو کراچی سے اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے رہنما ممنون حسین کا نام صدارتی امیدوار کے لیے ہاٹ فیورٹ ہے تاہم باضابطہ اعلان کل تک متوقع ہے۔

ادھر ذرائع کے رابطہ پر وفاقی حکومت کے بعض وزرا نے کہا کہ ابھی تک ممنون حسین اور سرتاج عزیز دونوں کے نام صدارتی امیدوار کے لیے زیر غور ہیں اور کل تک صورتحال واضح ہو جائے گی۔ جیو نیوز کے رابطہ پر ممنون حسین نے کہا کہ ابھی تک انہیں کسی نے نامزدگی کی باضابطہ اطلاع نہیں دی اور انہیں بھی یہ اطلاع ادھر ادھر سے ہی مل رہی ہے۔