پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کیس کے اندراج کیلئے درخواستوں کی سماعت آج ہو گی

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد(جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواستوں کی سماعت آج ہو گی، سیکیورٹی خدشات کے باعث چک شہزاد فارم ہاس میں بم پروف دیوار بنانے کیلئے سپلنٹر بیگ پہنچا دیئے گئے۔

تاہم مقدمے کی اہمیت کے پیش نظر پرویز مشرف کے وکلا نے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کی تھی جس پرچیف جسٹس نے تین رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا نے اکتیس جولائی دوہزار نو کے فیصلے پر دوبارہ جائزے کی درخواست کی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ مشرف ہی نہیں بلکہ جن افراد نے غیر آئینی اقدام میں معاونت کی وہ بھی آرٹیکل چھ کی زد میں آتے ہیں۔

صرف پرویز مشرف کے خلاف کارروائی امتیازی ہوگی۔ دوسری طرف سیکیورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف کے چک شہزاد فارم ہاس میں حفاظتی دیوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حفاظتی دیوار بم پروف ہو گی۔

جو مشرف کے رہائشی پورشن کے ارد گرد بنائی جائے گی۔ ادھر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ میڈیا انتظامی امور میں رکاوٹ بن رہا ہے اس لئے میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ سب جیل کے سامنے سے چلے جائیں۔