صدر ٹرمپ نے کنیسہ پر فائرنگ کے بعد امریکا میں’ ’نفرت‘‘ کی مذمت کر دی

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پٹسبرگ میں ایک کنیسہ کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکا میں ’’ نفرت‘‘ کی مذمت کی ہے۔ہفتے کے روز اس واقعے میں امریکی حکام نے گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

انھوں نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ ایک خوف ناک ، بہت ہی خوف ناک چیز ہے ۔ ہمارے ملک اور پوری دنیا میں ایسا نفرت کے نام پر ہورہاہے‘‘۔

انھوں نے ریاست ایلنائے اور انڈیانا میں انتخابی مہم کے لیے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ ’’ کچھ کیا جانا چاہیے ،جب لوگ اس طرح کا کام کرتے ہیں تو انھیں سزائے موت سنائی جانی چاہیے‘‘۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’بظاہر فائرنگ کا یہ واقعہ ابتدائی نظر سے کہیں زیادہ ہلاکت آفریں لگتا ہے‘‘۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’پٹسبرگ میں رونما ہونے والے واقعات ابتدائی سوچ سے کہیں زیادہ تباہ کن ہیں ۔(میں نے) مئیر اور گورنر سے بات کی ہے اور انھیں بتایا ہے کہ وفاقی حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی ۔ میں بہت جلد میڈیا سے گفتگو کروں گا اور مزید بیان ’’ مستقبل کے امریکی کسانوں‘‘ کے اجتماع میں دوں گا‘‘۔