وزیراعظم سے چینی جنرل کی ملاقات، اہم قومی مفادات پر حمایت کے عزم کا اعادہ

Imran Khan Meeting

Imran Khan Meeting

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین نے ملاقات کی جس میں اہم دو طرفہ امور اور خطے کی جیو اسٹریٹجک صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

وفود کی سطح پر مذاکرات میں وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین بےمثال اسٹریٹیجک باہمی شراکت خطے میں امن و استحکام کا ستون ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات میں وزیراعظم نے 5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات، مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاون، انسانی حقوق اور انسانی المیے کی صورتحال کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات امن اور سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں، بھارت اپنے جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹے حملےکا ڈرامہ کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر کرفیو ہٹایا جانا چاہیے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کوجانے کی اجازت ملنی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کا جائزہ لینے دیا جائے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق دبانے سے انتہاپسندی کی لہر اٹھ سکتی ہے اور بھارت کے اقدامات خطے کو ناقابل حد تک غیر مستحکم کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

چینی وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے وزیراعظم کو چینی صدر اور وزیراعظم کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

اعلامیے کے مطابق چینی جنرل نے چین کی پاکستان کیلئے بھرپور حمایت اور اہم قومی مفادات پر ایک دوسرے کی حمایت کے چینی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی جنرل کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء کے خطے کو استحکام اور اقتصادی ترقی کی ضرورت ہے، خطے کو تصفیہ طلب تنازعات حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں استحکام، اقتصادی ترقی اور تنازعات کے حل میں پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

پاکستان اور چین کا خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اسٹریٹجک توازن کو برقرار رکھنے پر مشاورت اور رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ دفاعی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے، چین کی طرف سے قومی سلامتی کے امور پر پاکستان کی حمایت انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ہر آزمائش میں پورا اترنے والی منفرد دوستی کو قدر سے دیکھتا ہے، چین کی جانب سے تمام اہم عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت قابل قدر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدام کے خلاف سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کو قدر سے دیکھتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق جنرل ژو کیانگ نے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کلیانگ نے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی تھی۔