بھارتی فوج کی ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ، 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید

Indian Army

Indian Army

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نیکرن سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ میں 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے نیکرن سیکٹر پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت دو شہری شہید اور 3 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 3 سال کی بچی نوشین اور 45 سالہ عبدالجلیل شامل ہیں جبکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، بھارت فوج کی فائرنگ و گولہ باری میں اب تک کئی شہری اور فوجی جوان شہید ہو چکے ہیں۔