وزیراعظم ہائوس میں اجلاس، مشرف کیس، طالبان مذاکرات پر غور

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آ باد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کیس، طالبان سے مذاکرات، کراچی آپریشن، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد، گیس کی قلت اور مہنگائی ایسے اہم ترین مسائل پر غور و خوض کیلیے وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت بدھ کے روز وزیراعظم ہائوس میں ان کی منی کیبنٹ کا اجلاس ہوا۔

جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے انتہائی قابل اعتماد رفقاء کیساتھ مشوروں میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ہونیوالی پیشرفت اور بات چیت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ مذاکرات ان کا پہلا اور آپریشن آخری آپشن ہے۔