وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر امریکی عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کیلئے کمرشل فلائٹ سے براستہ دوحا واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے۔

قطرائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبر الباکر نے وزیراعظم عمران خان سے دوحا ائیرپورٹ پر ملاقات کی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سرکاری دورہ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔

شیڈول کے مطابق 21 جولائی کو وزیراعظم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام ایم ڈی، عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔

22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے۔

اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو گی، عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔