پرنس ہیری اور میگھن کا شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان

Meghan & Prince Harry

Meghan & Prince Harry

مانچسٹر (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ کے شاہی جوڑے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے اپنی اعلٰی شاہی حیثیت سے دست بردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کے پوتے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے مزید کہا کہ وہ اپنا زیادہ وقت شمالی امریکا میں گزارنا چاہتے ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑے نے ایک بیان میں کہا، ”ہم شاہی خاندان کے سینئیر ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہونے اور مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ ہم ملکہ معظمہ کی مکمل معاونت اور حمایت جاری رکھیں گے۔‘‘

شاہی جوڑے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر بھی یہ اعلان پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ تک غور و فکر اور باہمی تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ شاہی جوڑے نے مزید کہا کہ اب وہ برطانیہ اور شمالی امریکا میں اپنا وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم وہ ”ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ، اور شاہی خاندان کی سرپرستی”میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور ان کا احترام کرتے رہیں گے۔

اس شاہی جوڑے کو ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس کا خطاب حاصل ہے۔ یہ جوڑا اپنی شادی اور پھر مئی میں بیٹے آرچی کی پیدائش کے بعد میڈیا اور عوام کی حد سے زیادہ توجہ کا مرکز رہا۔ اسی دباؤ سے بچنے کے لیے انہوں نے حالیہ کرسمس تعطیلات کینیڈا میں گزاریں۔

خیال رہے کہ ڈچز میگھن کی پیدائش امریکا میں ہوئی تھی۔ وہ سابق اداکارہ ہیں اور امریکی ٹی وی ڈرامہ سیریل ‘سوٹس‘ میں کام کے دوران ٹورنٹو میں رہا کرتی تھیں۔

اپنے بیان میں شاہی جوڑے نے کہا ہے کہ شمالی امریکا میں اپنا کچھ وقت گزارنے سے انہیں شاہی روایت کے ساتھ اپنا تعلق محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے لیے بھی کچھ وقت مل جائے گا۔

انہوں نے کہا، ”یہ جغرافیائی توازن ہمیں اپنے شاہی روایت کی تعریف کے ساتھ اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کے قابل بنائے گا جس میں وہ پیدا ہوا تھا، اور ساتھ ہی ہمارے اہل خانہ کو اگلے باب پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔”

بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ ڈیوک اور ڈچز کے ساتھ ان کے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے پر بات چیت ‘ابتدائی مرحلے میں‘ تھی۔ ملکہ برطانیہ کی ایک ترجمان نے کہا، ”ہم ان کے مختلف انداز اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں، لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن پر کام کرنے میں وقت لگے گا۔”

گزشتہ برس شہزادہ ہیری نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے بعض امور پر اختلافات ہیں۔ شہزادہ ولیم شاہی تخت کی دعویداری میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ 35 سالہ شہزادہ ہیری شاہی تخت کے حقدار کے طور پر فی الحال چھٹے نمبر پر ہیں۔ ہیری اور میگھن کے بعض برطانوی اخبارات کے ساتھ بھی تعلقات کشیدہ ہیں۔