پرائیویٹ اسکولوں میں صحت و صفائی کے فقدان کا نوٹس لیا جائے : عارف جلب

کراچی : پاسبان لیاری ٹائون کے صدر عارف جلب نے سیکریٹری تعلیم اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسکولوں کی خستہ حالی اور اسکولوں میں صحت و صفائی کے فقدان کا سختی سے نوٹس لیں اور ایسے تمام پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں جہاں پر صحت و صفائی کے فقدان کی وجہ سے اسکول کے بچے جلدی اور وبائی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ لیاری کے اکثر پرائیویٹ اسکول خستہ حال عمارتوں میں قائم ہیں جہاں پر گندگی کا ڈھیر ہے ،سیوریج کی پائپ لائنوں سے سیوریج کا گندہ پانی کلاسوں میں بہہ رہا ہے اور اس گندگی کی وجہ سے بچوں کے جلدی امراض میں مبتلاہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔

جبکہ پرائیویٹ اسکولوں میں من مانے فیس کی وصولی کی جاتی ہے مگر صحت و صفائی کے فقدان اور اسکولوں کے خستہ حالت کی بہتری کیلئے توجہ نہیں دی جاتی ،انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وہ بہتراور صاف ستھرے ماحول میں بچوں کے تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے اقدامات کرے ،خستہ حال پرائیویٹ اسکولوں کی خستہ حالی دور کرنے اور صحت و صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پرائیویٹ اسکولز کی انتظامیہ کو سختی کے ساتھ پابند جائے،انہوں نے سیکریٹری تعلیم ، سیکریٹری صحت اورکمشنر کراچی لیاری میں قائم پرائیویٹ اسکولوں کے دوروں کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ اعلیٰ حکام بذات خود اسکولوں کی خستہ حالی اور صحت و صفائی کے فقدان کاجائزہ لے سکیں۔