اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نجکاری کمیشن بورڈ نے 10 اداروں کی نجکاری کے اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے پیر کو 3پاورکمپنیوں سمیت10اداروں کی نجکاری کے اقدامات کی منظوری دے دی ہے اور اتصالات سمیت متعدد کمپنیوں سے142ارب روپے کے واجبات وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق نجکاری کمیشن نے آئل اور گیس کی تلاش کی2کمپنیوں کی نجکاری کیلیے مالی مشیر کے تقرر کی منظوری بھی دی۔
سیکریٹری پرائیویٹائزیشن رضوان ملک نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایاکہ پی ٹی آئی حکومت نجکاری منصوبوں کو سرد خانے کی نذر کرچکی تھی لیکن مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی تقرری کے بعدحکومتی پالیسی تبدیل ہوئی ہے۔
وزیرنجکاری محمد میاں سومروکی زیرصدارت اجلاس میں14 اداروں کی نجکاری کے بعد خریداروں سے 142ارب روپے کے بقایاجات کی وصولی کیلیے اقدامات پر غورکیاگیا۔ یاد رہے کہ چند خریدار حکومت کے خلاف عدالت میں چلے گئے ہیں۔