مسائل کے انبار کے باوجود مسلم لیگ ن کی باہمت اور جرات مند حکومت ان مسائل کو حل کرے گی، رائوناصرعلی

لاہور : سینئر نائب صدر،مسلم لیگ ن لیبرونگ لاہور رائوناصر علی خاں مئیو، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری آس محمد میئو اور میڈیا سیکرٹری امتیاز علی شاکر نے کہا ہے کہ مخالفین کو شروع دن سے ہی حکومت کیخلاف تنقید کرنے کی بجائے کم ازکم دو سال تک حکومت کی کارکردگی کا انتظار کرنا چاہیے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن)میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کے مسائل حل کرکے مخالفین کوچپ کرادے گی،رائوناصرعلی خان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)نے ابھی تک پوری طرح اقتدارسنبھالابھی نہیں کہ مخالفین نے بڑی بے صبری کے ساتھ بے جاتنقید شروع کردی حالانکہ ان عناصر کو عوام الیکشن میں بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو چاہیے کہ وہ تنقیدکرنے کی بجائے مثبت تجاویز دیں، اس موقع پر میڈیا سیکرٹری امتیاز علی شاکر نے کہا کہ سابق حکومت کی جانب سے مسائل کے انبارلگا دینے کے باوجود مسلم لیگ ن کی باہمت اور جرات مند حکومت ان مسائل کو حل کرے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں ہونے والی لوٹ مارکے نتیجے میں ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔

مالی مشکلات کے باوجود مسلم لیگ(ن)کی حکومت عوام کواپنے دور اقتدار میں بھرپورر یلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ امتیاز علی شاکر نے کہاکہ سابقہ حکومت کے دورمیں ملکی خزانے کو جس بیدردی سے لوٹا گیا ماضی میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے جس کی وجہ سے حال ہی میں بننے والی پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم وہ جلدہی ان مشکلات پر قابوپا کر عوام کو ریلیف دے گی۔