حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن

Prophet Mohammad PBUH

Prophet Mohammad PBUH

لاہور (جیوڈیسک) کراچی، اسلام آباد، پشاور آقائے دو جہاں ختم مرسلین، رحمت العالمین، نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا جشن ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

شہر، شہر، قریہ، قریہ، گلیاں، بازار دلہنوں کی طرح سجے ہوئے ہیں۔ رحمت دو جہاں کی دنیا میں آمد کا دن عاشقان رسول بھر پور طریقے سے منا رہے ہیں۔ ہر طرف خوشی ہی خوشی بکھری نظر آتی ہے۔ مساجد، بازاروں، گلیوں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

رنگ برنگی محرابوں، سبز جھنڈیوں سے آراستہ بازار، گلی کوچے، محلے، دلفریب منظر پیش کر رہے ہیں۔ جا بجا نذر نیاز کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ درود وسلام کے ساتھ چھوٹے بڑے جلوسوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ خصوصی محافل اور عبادات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔