صوبائی حکومت نے ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا، ارکان اسمبلی

Provincial Government

Provincial Government

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ فنانس بل میں شہری علاقوں کی ہر چیز پر ٹیکس لگادیا گیا ہے، اسے مسترد کرتے ہیں۔ مسلم لیگ اور فنکشنل کے ارکان کہتے ہیں کہ بدنیتی پرٹیکس عائد کئے گئے ہیں۔اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں فیصل سبزواری نے کہا کہ صوبے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں غریب عوام پر ٹیکس لگانا کہاں کا انصاف ہے۔ ایم کیو ایم کے سید سردار احمد نے کہا کہ حکومت نے پراپرٹی ٹیکس پچیس فیصد کرکے زیادتی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکس کی مد میں تیرہ ارب روپے میں سے بارہ ارب روپے گزشتہ برس کراچی سے وصول کئے گئے۔

اب اس میں دس فیصد اضافہ ظلم کے مترادف ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رکن امتیاز شیخ نے کہا کہ بجٹ میں سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی منصوبہ نہیں۔ مسلم لیگ ن کے عرفان اللہ مروت نے کہا کہ ٹیکسز بدنیتی پر مبنی ہیں۔ بے تحاشا ٹیکسز سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی چھوٹے سے چھوٹا کاروبار بھی ایسا نہیں جس پر ٹیکس عائد نہ کیا گیا ہو۔