پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

PTI

PTI

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی تحریک انصاف نے پرویز خٹک کو خیبر پختون کا پارٹی صدر بھی مقرر کردیا۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو کے پی کے صدر کے طور پر ذمہ داری دی ہے، کے پی کے کے دوسری مرحلے کے نتائج میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کو اپنے گھر سے عدم اعتماد ہوچکا، پاکستان بہت بہتر ہے، فضل الرحمان پتا نہیں کیسا پاکستان چاہتے ہیں، ساڑھے تین سال سے فضل الرحمان بے روزگار ہیں پہلے دونوں حلقوں اور اب گھر والوں نے عدم اعتماد کردیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کئی نہیں جارہی، حکومت بھی قائم ہیں اور اتحادی بھی ساتھ ہیں عمران خان یہ مدت پوری کریں گے، فضل الرحمان سمیت دیگر چورا قتدار میں نہیں بلکہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا کہ تحریک انصاف ختم ہوگئی، دو مراحل میں 18 تحصیل، 4 آزاد امیداور ہمارے ساتھ شامل ہو چکے ہیں، جے یو آئی کے پاس 23 ہیں، ووٹ کے لحاظ سے پی ٹی آئی سب سے آگے ہے، ن لیگ نے دو یا تین سیٹیں جیتی ہیں اسی طرح پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے ایک یا دو سیٹیں جیتی ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پہلے مرحلے کو ہمارے لوگوں نے آسان سمجھا تھا، بلدیاتی الیکشن بہت اہم ہوتے ہیں ہر خاندان اپنے لیے ووٹ مانگتے ہیں، کنفیوزنگ الیکشن تھا، سخت الیکشن کا مقابلہ کیا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مجھے صوبائی صدر کی ذمہ داری دی ہے، دوبارہ صوبے میں پارٹی کی اکثریت آئے گی، ہر ضلع میں تنظیمیں مکمل کررہے ہیں، کوآرڈی نیٹر بنارہے ہیں جو ویلیج کونسل تک تنظیمیں بنارہے ہیں، جلد پی ٹی آئی جہاں تھی اس سے دوقدم آگے آئے گی۔

پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ورکرز کو بااختیارکر رہے ہیں، ورکرز کی سفارشات پر ہم نچلی سطح تک تنظیمیں بنائیں گے، پی ٹی آئی ان کا مقابلہ کرے گی کی جو ہمارے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔