عوامی مسائل کے حل اور قومی مستقبل کے تحفظ کیلئے عمران چنگیزی کو کابینہ میں شامل کیا جائے

کراچی : میاں نوازشریف کے مختصر کابینہ کے اعلانات و بیانات کے باجود سرمایہ دار طبقے اور اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے 17 وفاقی وزرأ اور 9 وزرائے مملکت پر مشتمل 26 رکنی کابینہ کے حلف اٹھانے پر حیرت واستعجاب کا اظہار کرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن (این جی پی ایف)کے پولیٹیکل ونگ کے چیئرمین جمیل اقبال سید ، سوشل ونگ کے چیئرمین محمد رئیس، مائنوریٹی ونگ کے چیئرمین شری ہنس راجکمار ، بزنس فورم کے چیئرمین شیخ کاشف، اسٹوڈنٹ ونگ کے چیئرمین فیصل خان عرف بابر فوجی، خواتین ونگ کی چیئرمین شمع خان عرف مونا و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جہازی سائز کی کابینہ کی تشکیل دعویٰ سادگی سے اجتناب اور قوم سے کئے وعدوں سے انحراف کا آغاز ہے۔

جبکہ سرمایہ داروںو جاگیرداروں پر مشتمل کابینہ عوامی مسائل حل نہیں کرپائے گی، عوامی مسائل کے حل کیلئے کابینہ میں عام آدمی کے دکھ سکھ سے واقف غریب افراد کی شمولیت ضروری ہے اسلئے عوامی مسائل کے حل اور قومی مستقبل کے تحفظ کیلئے این جی پی ایف کے چیئرمین عمران چنگیزی کو وفاقی کابینہ میں مشیر بنانے کے ساتھ ہر شعبہ زندگی کے باصلاحیت مگر غریب وعام افراد پر مشتمل مشاورتی کونسل قائم کی جائے اور پھر غریبوں کے مسائل کے حل کیلئے غریبوں کی تجاویز سے استفادہ حاصل کیا جائے تو کامیابی یقینی ہے۔