عوام کی خدمت ہی حکومت کو شرمندگی سے بچا سکتی ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی: مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکومت اپنے ہی معاملات میں پھنس چکی ہے عوام کی خدمت ہی حکومت کو شرمندگی سے بچا سکتی ہے ۔ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد ملک کو قرضوں پر چلایا جارہاہے۔ موجودہ وقت میں مفاہمت کی سیاست کی ضرورت ہے ۔وفاقی حکومت کے وزراء اور مشیروں کی بیان بازیاں اپنی ہی حکومت کے خلاف بدگمانیاں پھیلانے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے صدر جعفر الحسن اور کراچی کے جنرل سیکرٹری عبدالطیف رندسے ملاقات میں کیا۔اس ،موقع پر مسلم لیگ سندھ کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر غلام رضا چنا و دیگر بھی موجود تھے۔

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ حکومت کو ملکی مسائل کی فکر ہوتی تو ملک میںعام آدمی کا جینا محال نہ ہوتا۔ ماضی کی غلطیاںدہرانے والی وفاقی حکومت اپنے ہی جال میں پھنس چکی ہے ۔حکومت نے ملکی معاملات میں عوام کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی ہوتی تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا اور نہ ہی موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے میںکوئی خطرہ ہوتا۔

ملک بچا نے کے لیے ملکی وسائل سے چند خاندانوں کی اجارہ داری کو ختم کرنا ہوگا۔نواز لیگ محض وعدوں اور تقریروں پر ملک چلانے پر یقین رکھتی ہے اگر عملی اقدامات اٹھاتی تو آج اس حکومت کو اسقدر تنقید کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوںنے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ یہ لوگ ملک چلانے کے اہل نہیں اس کے باجود انہیں دوبارہ ووٹ دیکر منتخب کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ملک اس وقت جس نازک موڑ پر ہے ایسے میںحکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے مشیروںاور وزیروں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر پابندی عائد کرے انہوںنے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہ کیا ہے اتنی بڑی بڑی باتیں ان کو زیب نہیں دیتیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ عوام کو حکومت سے امیدیں وابستہ تھیں کہ نئی حکومت انہیں ریلیف فراہم کریگی مگر وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ یہ حکومت ان دہشت گردوں کا پتہ بھی نہیں چلاسکتی جو بے گناہ عوام کو خون میں نہلارہے ہیں۔