عوامی فلاح و بہبود کی جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرائی جائے

فیصل آباد : ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کی جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرائی جائے۔ اس سلسلے میں تعمیراتی کارکردگی واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔

انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ترقیاتی پروگرام اور دیگر حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کی رفتار کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈی سی اوز خرم شہزاد،ڈاکٹر فرح مسعود،ڈاکٹر ارشاد احمد،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر فیصل آباد آصف چوہدری اور مختلف محکموں کے ڈویژنل وضلعی افسران نے شرکت کی۔

ڈویژنل کمشنر نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولیات اور قبرستانوں میں چار دیواریوں کے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ڈی سی اوز سے کہا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرکے اعلیٰ تعمیراتی معیار پر نظررکھیں اور فنڈز کا شفاف استعمال ہونا چاہیے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ سبزی وفروٹ منڈیوں میں بولیوں کے عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کو ڈیوٹی کا حصہ بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا ڈیوٹی سے غیر حاضری پرسخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیارکا جائزہ لینے کے لئے سہولت بازاروں کے بھی تسلسل کے ساتھ وزٹس کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں سکولوں وکالجوں کے طلباء وطالبات کو مہم میں شریک رکھنے اور احتیاطی تدابیر کی عام فہم انداز میں زیادہ سے زیادہ تشہیر کے تمام تر ذرائع استعمال کئے جائیں۔

ڈویژنل کمشنر نے سرکاری، کمرشل اداروں اورہائوسنگ کالونیز میں لائٹس کو ایل ای ڈی میں منتقل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی تاکید کرتے ہوئے ڈی سی اوز سے کہا کہ پرائیویٹ اداروں کو بجلی کی بچت کا پابند بنانے کے لئے انہیں قائل کریں اور عدم تعاون کی صورت میں ان کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

انہوں نے پانی چوری کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چوری سے باز نہ آنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈویژنل کمشنر نے انسداد پولیو مہم کے سو فیصد ٹارگٹس حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے شیڈول پرسختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

کمشنر نے اجلاس کے دوران پنجاب یوتھ انٹرن شپ کے سلسلے میں منتخب ہونے والے نوجوانوں کی سرکاری اور نجی اداروں میں تعیناتی کے امور ایک روز میں نپٹانے کی تاکید کی۔کمشنر نے بتایا گیا کہ فروری کے دوسرے ہفتے سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کی طرف سے سکولوں اورکالجوں کو مفت پودے فراہم کئے جائیں گے لہذا تعلیمی ادارے اپنی ڈیمانڈ سے فوری آگاہ کریں۔