پنجاب میں ’پٹواری‘ اب ’ولیج آفیسر‘ کہلائے گا، وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی

Patwari

Patwari

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ’پٹواری‘ عہدے کا نام بدل کر ولیج آفیسر رکھنے اور انہیں 14 واں اسکیل دینےکی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ مال کی کارکردگی اورپنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب میں پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا، وزیر اعلیٰ نے پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پٹواری کو ولیج آفیسر کا نام دیا جائے گا۔

ولیج آفیسرکو 14 واں اسکیل ملے گا اور بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی، بھرتی کے بعد 6 ماہ کی تربیت لازم ہوگی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ولیج آفیسرز کیلئے لیپ ٹاپ دینے کے فیصلے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں حاضر سروس پٹواریوں کو 11 واں اسکیل اورگرد آور کو 14واں اسکیل دینے کی تجویزپر بھی غور کیاگیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اسٹاف کی ترقی کیلئے سروس اسٹرکچر بنایا جائے گا جبکہ لاہور کی ایک تحصیل کو ریونیو کے حوالے سے ماڈل تحصیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔