پنجاب میں گیس، بجلی چوری روکنے کیلیے اینٹی تھیفٹ اسکواڈ تشکیل

Power Theft

Power Theft

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف اضلاع میں گیس بجلی اور پانی چوری روکنے کے لئے صوبائی سطح پر اینٹی تھیفٹ اسکواڈ تشکیل دیدیا گیا، صوبائی سیکریٹری عرفان علی اسکواڈ کے چیئرمین، متعلقہ محکموں کے سربراہ کوارڈینٹرز ہونگے۔ پنجاب کے لیے اینٹی تھیفٹ اسکواڈ کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا، پہلے تین ماہ فیکٹریوں، کارخانوں اور پلازوں میں بجلی اور گیس کی چوری پکڑنے کا ہدف دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں قصور، اوکاڑہ ، شیخوپورہ، ننکانہ، مرید کے، چونیاں، پتوکی ،مانگا منڈی ،نارنگ منڈی اورنارووال میں بڑے پیمانے پر بجلی، گیس اورپانی کی چوری کی جا رہی ہے، ان علاقوں کے دیہات میں رات کو ڈائریکٹ کنڈے لگا کر ڈیروں ،گھروں اور زرعی ٹیوب ویلوں کیلیے بجلی چوری کی جاتی ہے۔

اسکواڈ نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔رپورٹ میں لاہور شہرکے صنعتی ، کمرشل اور گھریلو صارفین کی جانب سے بجلی چوری کی شرح سب سے کم ہے جس کی وجہ ماہانہ چیکنگ بتائی گئی۔ بڑی مچھلیوں کو پکڑنے کے اس تمام عمل کو خفیہ رکھا جائے گا ڈی سی او اور پولیس کی بھر پور معاونت متعلقہ محکمے کو حاصل ہو گی۔