پاکستان نے سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے کے لیے اپیل دائر کردی

Zardari

Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے سوئس مقدمات دوبارہ کھولنے کے لیے اپیل دائر کردی، دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے سوئس حکام کی طرف سے کرپشن کیسز دوبارہ نہ کھولے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی گئی ہے۔ ایسے اشارے ملے ہیں کہ وہاں کی اپیلیٹ اتھارٹی جوابد ہی کیلیے متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کرے گی۔

سوئس وکیل نے وزارت قانون کو بتایا ہے کہ اپیل کا عمل 3 سے 6 ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ سوئس قانون کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت پاکستان کو بتایا گیا ہے کہ سوئس حکام حکومتی وکیل کو علیحدگی میں سن سکتے ہیں یا پھر انھیں متعلقہ ملزمان کی موجودگی میں سنا جائے گا۔

دوسری صورت میں سوئس حکام کی طرف سے متعلقہ ملزمان کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔جنیوا کے اٹارنی جنرل نے 4 فروری کے فیصلے میں کہا تھا کہ 25 اگست 2008 کے حکم پر نظرثانی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ ان مقدمات کو کھلوانے کی 15 سال کی قانونی میعاد ختم ہوچکی ہے اور کوئی نئے ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔