پنجاب حکومت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے فیصلے پر ڈٹ گئی

Punjab Government

Punjab Government

پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب حکومت انسداد دہشت گردی فورس کو پنجاب پولیس سے علیحدہ رکھنے کے فیصلے پر ڈٹ گئی اور کہا ہے کہ اسپیشل برانچ اور ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا ہی حصہ رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے منصوبے پر کا م جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم سپیشل برانچ اور ایلیٹ فورس کے سٹیٹس کو تبدیل نہ کرنے کی یقین دہائی پولیس افسران کو کروا دی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کوخود مختار اور آزاد رکھنے کی تجویز کو ترجیح دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 ریٹائرڈ یا حاضر سروس فوجی افسران کو بھی اس فورس میں شامل کر کے کمانڈ پولیس کی بجائے محکمہ داخلہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے پولیس افسران کو پیغام بجھوایا گیا ہے کہ اس فیصلہ میں تبدیلی کی فی الحال گنجائش نہیں۔