پنجاب حکومت کا رمضان بازاروں کو مستقل شکل دینے پر غور

 Ramadan Bazaars

Ramadan Bazaars

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب بھر میں قائم 350 رمضان بازاروں کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔

یہ سستے بازار کے نام سے سارا سال کام کریں گے۔ ان بازاروں میں اشیا خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کی نگرانی ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہو گی جبکہ صوبائی کابینہ کے اراکین پرائس کنٹرول کمیٹی ان بازاروں کی براہ راست مانیٹر کرے گے۔

یہ بات صوبائی وزیر خوراک وچیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے سول سیکریٹریٹ کے کمیٹی روم میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری عامر سہیل مرزا، سیکریٹریز صاحبان کے علاوہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ رمضان بازاروں میں بہتر نتائج کے پیش نظر ان بازاروں کو مستقل بنیادوں پر قائم کرنے کے لیے تجویز پر غوروخوض ہورہا ہے۔

اس ضمن میں عارضی بازار جو سڑکوں پر لگائے گئے ہیں ان کے لیے مناسب جگہ جہاں صارفین کی سیکیورٹی اور آنے جانے کے لیے بہتر انتظام ہوں، تلاش کرکے قائم کرنے کی تجویز ہے۔