پنجاب ، خیبر پختون خوا، اور سندھ میں پری مون سون کی موسلا دھار بارش

Punjab

Punjab

پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب، خیبر پختون خوا، اور سندھ کے مختلف شہروں میں پری مون سون کی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ گرمی سے تنگ آئے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواں کے ساتھ ابر رحمت برستے ہی گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں بادل گرج چمک کے ساتھ خوب برسے۔ چیچہ وطنی، نارووال، فیصل آباد، حافظ آباد اور بہاول پور میں بھی باران رحمت نے گرمی سے نڈھال شہریوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔

ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے ہرطرف جل تھل کردیا۔ پشاور، لکی مروت میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور سندھ کے جنوبی علاقے نواب شاہ، نوشہرو فیروز، شہداد پور، سانگھڑ، میرپور خاص، حیدرآباد اور کراچی میں بوندا باندی کے باوجود شدید گرمی، گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔ کراچی میں سورج دن بھر آگ برساتا رہا۔ درجہ حرارت اکتالیس ڈگری تک جا پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ آج خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔