وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب میں گزشتہ پانچ سال میں 260 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

بہاولپور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب میں گزشتہ پانچ سال میں 260ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جو پرویز الٰہی حکومت سے 6گناہ زیادہ ہیں۔ وہ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے آڈیٹوریم میں 4ہزار سے زائد طلبا ء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میںشعبہ تعلیم میں 111ارب روپے صرف کیے جبکہ گزشتہ حکومت نے صرف11ارب روپے خرچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں5سالوں کے دوران 50ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔

جس کے تحت دانش سکول رحیم یار خاں، چشتیاں،حاصل پور،خواتین کالجز،فلائی اوور ، موبائل ہسپتال،سڑکوں کا جال،410بستروں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولپوراور دیگر فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2سال میں 8ارب روپے کی لاگت سے 2لاکھ25ہزار طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے گئے ہیں اور اگر ان طلبہ میں سے صرف5فیصد بھی ارفع کریم ثابت ہوں تو پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پر سرمایہ کاری سے ایک نیا پاکستان جنم لے گا اور یہی طلبہ لیپ ٹاپ کی مدد سے کرپشن ختم کرنے کا ماڈل بنائیں گے تاکہ زرداری کو پتہ چلے کہ ہم نے ان کے پھیلائے ہوئے اندھیروں کو اجالوں میں بدل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کی میٹرو بس سروس،لیپ ٹاپ،اجالا پروگرام، سولر انرجی سسٹم سمیت تمام منصوبے ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کو غیر جانبدار آڈٹ کیلئے پیش کر دیئے ہیں اور اگر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو تو مجھ سمیت تمام سرکاری محکمے قوم کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے چولستان میں جرمنی کے تعاون سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے 4سو میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کر دیا ہے جو ڈیڑھ سال میں پیداوار شروع کر دے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے یہ سوال کرتے ہیں کہ اگر صوبائی حکومت عوام کی فلاح کیلئے بیرونی سرمایہ کاری سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے اقدامات کر سکتی ہے تو وہ پانچ سال بھنگ پی کر یا افیون کھا کر سوئی ہوئی تھی کہ معیشت کا جنازہ نکل گیا اور قوم اندھیروں میں ڈوبی رہی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کے معمار ہیں یہی درخشندہ ستارے پاکستان کو اندھیروں سے نکالیں گے اور آئندہ الیکشن میں عوام درست فیصلہ کر کے پاکستان کو اقوام عالم میں عزت کا مقام دلائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں جو بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیںان کا آغاز بہاول پورسے کیا گیا۔ اسی سے پتہ چلتا ہے کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آج4 ہزار 322 لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے جن میں 3ہزار طالبات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری حکومت نے ہماری حکومت کو بھکاری بنا دیا اور اندھیرے دیئے لیکن ہم ان اندھیروں کو اجالوں میں بدل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان طلبا و طالبات قوم کے درخشاں ستارے اور مستقبل کے معمار ہیں اور وہ کبھی مایوسی کا شکار نہ ہوں۔انہو ں نے کہا کہ آج ہم اس بات کا عہد کریں کہ آئندہ الیکشن میں ایسی قیادت کومنتخب کریں جو کشکول کو توڑ دے اور کٹہرے میں عوام کے سامنے جوابدہ ہوں۔ جلسہ عام سے صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ’ممبر قومی اسمبلی بلیغ الرحمن، سعود مجیداور جہانزیب وارن نے خطاب کیا۔قبل ازیں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔تقریب میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بلیغ الرحمن، سعود مجید، ریاض پیرزادہ،بیگم پروین مسعود بھٹی،جہانزیب وارن بھی موجود تھے۔ آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے 3ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سول ہسپتال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہاول پور کے عوام کے لئے علاج معالجہ کی جدید سہولتوں سے مزین ہسپتال ایک تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور ان کے حواریوں نے ملک میں جو لوٹ مار کی ہے الیکشن کے بعد ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔شہباز شریف نے جلسہ عام میں پھر اس عزم کو دہرایا کہ 5سال ہمیں پھر خدمت کا موقع ملاتونواز شریف اور ہماری حکومت ملک سے اندھیرے ختم کر دے گی۔جلسہ عام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کچی آبادی سمال گارڈن سکیم کے تحت الاٹمنٹ کے کاغذات تقسیم کئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے جلسہ عام کے بعد بہاول پور میں آشیانہ ہائوسنگ سکیم کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہاول پور میں ساڑھے 4کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔