کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس، بینکنگ اور دیگر مخصوص سیکٹرز میں حصص کی بڑے پیمانے پر خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں 343.57 پوائنٹس کی زبردست ریکوری دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 27000 پوائنٹس کی حد بحال کرتے ہوئے 27165.49 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 271.18 پوائنٹس کے اضافے سے 19290 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 201 پوائنٹس اضافے سے 20361 پوائنٹس پر بند ہوئے، مارکیٹ سرمائے کا حجم 63 ارب 55 کروڑ 35 لاکھ 23 ہزار 162 روپے کے اضافے سے 65 کھرب 67 ارب 29 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، کاروباری حجم میں 106.57 فیصدکا اضافہ ہوااوریہ 25 کروڑ 49 لاکھ 91 ہزار 340 حصص تک پہنچ گیا، 379 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 200 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 152 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 27 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔