ق لیگ اور پیپلزپارٹی میں90 فیصد نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ

Kaira-Pervez

Kaira-Pervez

مسلم لیگ ق اور پیپلزپارٹی میں تقریبا 90 فیصد نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ق گجرات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 106 میں قمر الزمان کائرہ، صوبائی نشستوں پی پی 112 پر تنویر اشرف کائرہ اور پی پی 113 پر چودھری اعجاز آف رنیاں کی بھرپور حمایت کرے گی۔

مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی نے نت ہاس گجرات میں دونوں پارٹیوں کے اجلاس کے بعد کہا کہ صدر آصف زرداری الائنس چلانے اور نبھانے کے ماہر ہیں جبکہ نواز شریف اس ہنر سے عاری ہیں۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست ختم کرنے میں چودھری صاحبان کا بڑا ہاتھ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کیوجہ سے پیپلزپارٹی نے اپنا 5 سالہ دور مکمل کیا۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کا الائنس اس وقت ہوا جب ملک سیاسی مشکلات کا شکار تھا، ہم چاہتے تھے پیپلزپارٹی اپنا 5 سالہ دور مکمل کرے، ہمارے الائنس کا مقصد پیپلزپارٹی کو بلیک میل ہونے سے بچانا اور ملکی حالات سنوارنا تھا۔

اب تک دونوں جماعتیں ساتھ ہیں، عام انتخابات میں بھی انہوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا ہنر جانتے ہیں جبکہ نواز شریف دوستوں کو ساتھ لے کر چلنے کی خوبی سے محروم ہیں۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ نے اپنی حمایت پر چودھری پرویزالہی اور چودھری وجاہت حسین کا دلی اور ذاتی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الائنس سے پورے ملک کو فائدہ ہو گا، ن لیگ نے نفرت اور انتہا پسندی کی سیاست کو فروغ دیا وہ تنہا رہ جائے گی، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں اسے کوئی سیٹ نہیں ملے گی اور پنجاب میں پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ دونوں مل کر اس کو ہرائیں گے۔