طاہر القادری خود قبر سے ڈرتے ہیں، قوم کی اجتماعی قبر کھودنا چاہتے ہیں، رانا ثنا الله

Rana Sana Allah

Rana Sana Allah

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا الله کا کہنا ہےکہ ڈاکٹر طاہر القادری خود قبر سے ڈرتے ہیں اور پوری قوم کی اجتماعی قبر کھودنے کے خواہش مند ہیں، لاہور کے واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ لاہور واقعے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنا دیا گیا، ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ منہاج ٹرسٹ پر پولیس آپریشن کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری پوری قوم کی اجتماعی قبر کھودنے کے خواہاں ہیں، خود قبر میں جانے سے خوفزدہ ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ منہاج القرآن کی قیادت کے اشتعال انگیزبیانات نے بھی جذبات بھڑکائے، ان بیانات کے باعث جذباتی ہونےوالے لوگ بے قصور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو چاہیے کہ عوام کے مینڈیٹ کا خیال کریں ،طاقت کے زور پر کسی ایجنڈے کو نافذ نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آردرج کرلی گئی ہے،پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے، واقعے کی آزادانہ انکوائری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گلوبٹ کا مسلم لیگ (ن)سے کوئی تعلق نہیں،گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنیوالے ملزم کو تھپکی دینے والے پولیس افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔