کوئٹہ : بم نصب کرتے ہوئے پھٹ گیا ، دہشت گرد ہلاک

Quetta Blast

Quetta Blast

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے قریب کچلاک کے علاقے میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ بروقت کاروائی کر کے تھانہ کچلاک کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ کچلاک تھانے کے عقب میں دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک راہ گیر نے مشکوک چیز کو اٹھانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا جس سے راہ گیر محمد نعیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

اسی دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور قریب کھڑی مشکوک گاڑی کی تلاشی لی جس میں بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے فوری طور پر بم ڈسپوازل اسکواڈ کو طلب کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جبکہ کوئٹہ چمن شاہراہ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔

بم ڈسپوازل اسکواڈ نے گاڑی میں موجود پچیس کلو دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن وزیر خان ناصر کے مطابق گاڑی میں دھماکہ خیزمواد کے ساتھ پٹرول کے کین بھی موجود تھا۔ پہلا دھماکہ ہونے کے بعد لوگوں کے جمع ہونے پر دوسرا دھماکہ ہونا تھا لیکن پولیس نے بروقت کاروائی کر کے علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔