سب کا امتحان

Pakistan

Pakistan

تحریر : ایم سرور صدیقی

کتنی عجیب بات ہے پاکستان میں اپنے اقتدارکو دوام دینے کیلئے ہمیشہ سیاستدان جمہوریت کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے ہیں بعینہٰ مذہبی رہنما اسلام کا نام لیتے رہتے ہیں بیشترکی منزل اسلام کی بجائے اسلام آبادہی ہوتی ہے ان حیلہ بازیوںمیں ہر حکمران نے قومی اداروںکو جیسے قومی فریضہ جانتے ہوئے کمزور سے کمزور ترکردیا اپوزیشن کے پیش ِ نظر بھی فقط اپنے مفادات کا حصول ہے وہ کبھی سیاسی ابتری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ،کبھی سیاسی بلیک میکنگ کے ذریعے اور کبھی مفاہمتی پالیسی کے تحت بہتی گنگا سے نہریں نکالتے رہے۔

اسے عجیب ترہی کہا جا سکتاہے کہ پاکستان میں ہونے والے ہر عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی اس کے نتائج کو ہمیشہ شکست خوردہ سیاستدانوں نے تسلیم کرنے سے انکارکیا ایوب خان سے لیکر میاں نواز شریف کے عہد تک دھونس، دھاندلی، جھرلو اورچمک کی کتنی ہی کہانیاں ہمارے ارد گرد بکھری پڑی ہیںکبھی محترمہ فاطمہ جناح کوہرایا گیا ،کبھی محترمہ بے نظیر بھٹونے انتخابی دھاندلی کے خلاف آواز بلندکی۔۔۔ کبھی میاں نواز شریف سراپا احتجاج بن گئے۔۔۔ کبھی انہیں اقتدار میں لانے کیلئے iji بنائی گئی اور کبھی مسلم لیگ Qکی حکومت بنانے کیلئے بھرپور ریاستی وسائل استعمال کئے گئے اب عمران خان واویلا کررہے ہیں کہ انہیں ہرانے کیلئے منظم دھاندلی کی گئی ہے

آج اندازہ لگایا جا سکتاہے عسکری وسول اسٹیبلشمنٹ الزامات کی زدمیں ہے کہ اس نے اپنے منظور ِ نظر سیاستدانوںکو برسرِ اقتدار لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔کہا جاتاہے ایک ڈکٹیٹر یحییٰ خان نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف الیکشن کروائے تھے لیکن اس کے نتائج تسلیم ہی نہیں کئے گئے اس کا سیاسی حل تلاش کرنے کی بجائے فوجی ایکشن لینا مسئلہ کا حل سمجھ لیا گیا اگر جیتنے والی اکثریتی پارٹی کو اقتداردیدیا جاتا تو شاید پاکستان دو لخت ہی نہ ہوتا جب بھی عقل کے فیصلے جذبات سے کئے جائیں تو ایسا ہی رزلٹ نکلے گا۔۔۔یہ بھی کتنی عجیب بات ہے کہ 1973ء کے متفقہ دستورمیں فوجی ڈکٹیٹروں اورجمہوری حکمرانوںنے18ترامیم کرکے اس کا حلیہ بگاڑکررکھ دیا یہ بات طے ہے

آخری دو آئینی ترامیم عوامی مفادمیں ہرگزنہیں کی گئیں بلکہ اس کا مقصد شاہانہ اختیارات حاصل کرنا اور ا نتخابی عمل پر اثراندازہونا تھا تاکہ حسب ِ منشاء حکومتوںکی تشکیل کی جا سکے سوچنے کی بات ہے تیسری باروزیر ِ اعظم بننا،حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت سے نئے چیف الیکشن کمشنرکا تقرر،الیکشن کمیشن کی تشکیل، چیف جسٹس، آرمی چیف،نگران حکومتوںکا قیام یاچیئرمین نیب کی تقرری سے عام آدمی کیا مفادوابستہ ہے ان کو اس سارے معاملات سے کیا سروکار؟ یہ اشرافیہ کے اپنے مفادات ہیںحقیقت ہمیشہ تلخ ہوتی ہے حکمرانوںنے 1973ء کے متفقہ دستورمیںتمام ترامیم اپنے مخصوص سیاسی مفادات کیلئے کیں یہ گیم اب تلک جاری ہے

کسی کا مطمع ٔ نظرعوامی بھلائی نہیں اس کے نتیجہ میں حکمرانوںنے دولت کے انبار اکٹھے کرلئے اور عوام روٹی کے لقمے لقمے کو ترس رہے ہیںیہی اس ملک کا سب سے بڑاالمیہ ہے کسی کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ عام آدمی کیلئے سوچ سکے آج ہمارا یہ حال ہے کہ اس قوم کا کوئی لیڈر ہی نہیں ہے حقیقی قیادت سے محروم۔۔۔پاکستانیوںکو ایک ہجوم ِ نابالغاں کہا جا سکتاہے۔۔یہی محرومیاں فوجی ڈکٹیٹروں کی آمد کا سبب بنتی ہیں جب سول قیادت ویژن ،صلاحیت اور ذہانت سے عاری ہو جائیں

تو ایسے ہی حالات جنم لیتے ہیں قائد ِ اعظم نے جب پاکستان بنایا تو انہیں بھر پور عوامی تائیدحاصل تھی کانگریسی و احراری مولویوں کی لاکھ مخالفتوں کے باوجود پاکستان ایک حقیقت بن کر دنیا کے نقشے پرابھراجبکہ بعدمیں آنے والے حکمران بتدریج عوامی حمایت اور تائیدسے محروم ہوتے چلے گئے اورعسکری وسول اسٹیبلشمنٹ اور شخصیات مضبوط سے مضبوط۔ادارے کمزور۔۔یہاں عوام کے ساتھ ایک اور” واردات ” بھی کی گئی اشرافیہ پر مشتمل سیاستدانوں،بیوروکریسی، ججز،فوجی افسران،سرمایہ داروں اور جاگیرداروں نے آپس میںرشتہ داریاں کرلیں۔۔ کسی بھی پارٹی کی حکومت ہو،حکمران کوئی بھی ہو اشرافیہ کو ۔۔کوئی فرق نہیں پڑتا ان کا کوئی نہ کوئی عزیز، رشتہ دار یادوست مسلسل حکومت میں رہتاہے۔۔دعوے اور وعدے کرنے میں کوئی حرج نہیں عمران خان اور طاہرالقادری مسلسل کہہ رہے ہیں وہ موروثی سیاست کے خلاف جدوجہدکررہے ہیں

PPP

PPP

تبدیلی ہمارامشن ہے،موجودہ سسٹم بدلیں گے لیکن بغور جائزہ لیا جائے تو محسوس ہوگا ان کا اس سلسلہ میں کوئی ہوم ورک نہیں ہے اس وقت ملک کو مہنگائی ، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی،کرپشن،بیروزگاری اور غربت جیسے جو چیلنجز درپیش ہیں اس کے بارے میں حکمت ِ عملی بھی واضح نہیں۔۔۔حکمرانوںکو موجودہ سسٹم ہی سپورٹ کرتاہے اسی کی بقاء میں ان کی جان ہے JUI،اے این پی ،پیپلزپارٹی، بیشترمذہبی جماعتوں اور سابقہ صدر آصف علی زرداری سمیت کئی قومی رہنما موجودہ نظام کو بچانے کیلئے آخری حدتک جا سکتے ہیں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی تین تین بار اقتدارمیں آچکی ہیں لیکن عوام کی حالت پہلے سے بھی ابترہو چکی ہے

سیاستدان نسل در نسل اقتدار اور وسائل پرقابض چلے آرہے ہیںحکمران خود تسلیم کرتے ہیں کہ پولیس کی ایک بڑی تعداد VIP کے پروٹوکول پر مامور ہے یعنی جس ادارے کو عوام کی جان ومال کا تحفظ اورقانون کی حکمرانی کیلئے کام کرنا چاہیے وہ نان پروفیشنل کاموںمیں الجھ کررہ گیا ہے اسی وجہ سے پولیس اپنی ذمہ داریوںمیں ناکام ہوگئی اور امن و امان کیلئے کراچی میں مستقل رینجرز کو طلب کیا گیا بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی اسلام آبادمیں آرٹیکل 245 نافذکرکے فوج کے حوالے کرنا کہاں کی دانشمندی ہے سیاسی مخالفین سے نمٹنے کیلئے ایسا فیصلہ انتہائی ناعاقبت اندیشانہ ہے اس کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ سول انتظامیہ اور جمہوری حکومت ناکام ہوگئی ہے

یہ جمہوریت کی بدقسمتی ہے کہ یہ سب کچھ جمہوریت کے نام پرکیا جارہاہے ان حالات میں اگر شیخ الاسلام یا عمران خان تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو ان کی بات دل کو لگتی ہے لیکن تبدیلی کیسے آئے گی یہ توواضح نہیں اب طاہرالقادری نے سیاست نہیں ریاست بچائو کے نعرے کے بعد پر امن جمہوری انقلاب کا سلوگن دیاہے اور اپنی جماعت عوامی تحریک کو بحال کرکے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیاہے یہی مسئلے کا اصل حل ہے کہ پر امن طریقہ سے تبدیلی آنی چاہیے محاذآرائی،جلائو گھیرائو سے حالات خراب ہو سکتے ہیں جس کا ملک ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا اس سے خانہ جنگی جیسی کیفیت پیداہونے کااحتمال ہے سب سے بڑھ کر یہ بات کہ اس وقت ملک میں اشرافیہ کا پاور سٹریکچر اتنا سٹرونگ ہے

اس نے آکٹوپس کی طرح ہرچیزکو جکڑرکھاہے انہیں ڈرہے کہ کسی قسم کی کوئی تبدیلی آئی تو ان کی سیاست، اقتدار اور مراعات کو خطرات لاحق ہو جائیں گے یہی بنیادی وجہ ہے کہ حکمران سیاست اور جمہوریت کے ساتھ ایک بار میری حکومت دوسری بار تیری حکومت کا کھیل کھیل رہے ہیں حکمران اب بھی عوام کو ریلیف دینے کیلئے حقیقی اقدامات کریںتو ان کی ساکھ بہترہونے کی امیدکی جا سکتی ہے اپوزیشن کو اس بات کاادراک ہونا چاہیے کہ موجود استحصالی نظام کے خلاف مربوط حکمت ِ عملی اورٹھوس منصوبہ بندی کے بغیربنیادی تبدیلی لائی ہی نہیں جا سکتی اس کیلئے اشرافیہ کا نیٹ ورک توڑنا ہوگا ورنہ آزادی مارچ اور پر امن جمہوری انقلاب کا نعرہ محض نعرہ ثابت ہوگا عمران خان اور طاہرالقادری کو شاید اندازہ نہیں اشرافیہ کس قدر طاقتور ہے؟

اس لئے غلطی کوئی گنجائش نہیں ہے سانپ اور سیڑھی کا کھیل شروع ہوگیاہے د عوے اور وعدے کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن عملاً کچھ نہ کیا گیا توسب کچھ بے کارہو جائے گا شیخ الاسلام کا دھرنا ختم عمران خان کا جاری ہے دونوں جلسے جلوسوں کے ذریعے اپنی اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کررہے ہیں اس دوران ڈاکٹرطاہرالقادری پر ڈیل کے الزامات بھی لگائے جارہے ہیں جس کا وہ مسلسل دفاع کرتے دکھائی دیتے ہیں اس لحاظ سے موجودہ سیاسی حالات میاں نواز شریف، عمران خان اور طاہرالقادری کاامتحان ہے دھرنا ختم کرکے طاہرالقادری نے عوام کو مایوس کردیاپھر بھی انہوں نے شہرشہرجلسے کرنے کااعلان کیاہے عمران خان پیپلزپارٹی کے دل لاڑکانہ میں بڑے جلسہ ٔ عام کی تیاریوںمیں مصروف ہیں بلاول بھٹو زرداری مزار ِقائدپر ایک بڑا جلسہ کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں مسلم لیگ Q بادل ِ نخواستہ جلسے جلوسوںکی سیاست میں کود پڑی ہے

مولانا فضل الرحمن اور سراج الحق بھی ان ایکشن ہیں،شاید مڈٹرم الیکشن کیلئے ماحول سازگار بنایا جارہاہے حکومت کی سرتوڑ کوشش کے باوجود لگتاہے الیکشن سرپر آگئے ہیں فی الحال موجودہ حالات میں سیاست عمران خان اور طاہرالقادری کے گرد ہی گھومتی دکھائی دیتی ہے یہ سب کیلئے کڑاامتحان ہے دیکھئے کون سرخرو ہوتا ہے؟

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر : ایم سرور صدیقی